اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، لبنان کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیہ بری نے ملک کے 83ویں یومِ آزادی کے موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ اس سال لبنان کی آزادی نامکمل ہے اور اس وقت تک مکمل نہیں ہو سکتی جب تک ہماری سرزمین کو قابضین کے قبضے سے مکمل طور پر آزاد نہ کرا لیا جائے۔
نبیہ بری نے جنوبی لبنان کے سرحدی علاقوں کے تمام رہائشیوں سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے، جو صہیونی قبضے کے باعث یومِ آزادی کی خوشیاں نہیں منا سکتے، اس دن کی مناسبت سے مبارک باد کے پیغامات وصول کرنے سے انکار کر دیا اور کہا کہ اس سال ہماری آزادی نامکمل ہے۔
لبنانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے زور دیا کہ اس سال یومِ آزادی اسی وقت مکمل ہوگا جب ملک کی سرزمین آزاد ہو اور لبنان میں سرکاری اور عوامی، دونوں سطحوں پر اتحاد اور یکجہتی بحال ہو۔
نبیہ بری کا یہ مؤقف جنوبی لبنان کے مقبوضہ سرحدی دیہات، زوطر الشرقیہ، المنصوری، حداثا اور دیگر علاقوں کے رہائشیوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے تھا۔ ان علاقوں کے باشندے صہیونی حکومت کے قبضے، جارحیت اور تباہ کاریوں کے باعث یومِ آزادی نہیں منا سکتے، کیونکہ ان حملوں نے ان دیہات میں زندگی کے تمام آثار مٹا دیے ہیں۔
چند روز قبل بھی نبیہ بری نے اسی حوالے سے اپنے خطاب میں کہا تھا: ’’قبضہ، خواہ کسی بھی جانب سے ہو اور کسی بھی شکل میں ہو، آزادی کی ضد ہے۔ چہ جائیکہ قابض انسانیت کا دشمن ہو؛ ایسا قابض جو صرف نسل کشی کی جنگیں مسلط کرنا، دیہات اور ان کی یادوں و ورثے کو مٹانا، گھروں کو تباہ کرنا اور باغات کو بنجر زمین میں تبدیل کرنا جانتا ہو۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ چونکہ آزادی بنیادی طور پر اجتماعی قومی ارادے کا اظہار ہے، اس لیے اس سال پہلے سے کہیں زیادہ ضروری ہے کہ لبنان کی حکومت، تمام حکام، سیاسی جماعتیں، عوامی قوتیں اور انجمنیں، نیز بیرونِ ملک مقیم لبنانی عوام یہ واضح کریں کہ جب تک ہماری سرزمین کا ایک بالشت حصہ بھی دشمن کے قبضے میں ہے، اس وقت تک آزادی مکمل طور پر حاصل نہیں ہوئی بلکہ نامکمل ہے۔
آپ کا تبصرہ